لاہور (جیوڈیسک) سابق سفیر نے ایک امریکی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ حسین حقانی نے امریکہ کے خفیہ ایجنٹس کو پاکستان لانے میں مدد دینے کا اعتراف کیا۔
واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے کالم میں حسین حقانی نے لکھا ہے کہ اوباما انتظامیہ کے مطالبے پر انہوں نے اس وقت کی پاکستانی حکومت کو امریکی خفیہ ادارے کے اہلکاروں کو پاکستان کے اندر کام کرنے کی اجازت دینے پر آمادہ کیا۔ حسین حقانی کے مطابق، ان خفیہ ایجنٹس نے ایبٹ آباد آپریشن کے لئے راہیں ہموار کیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت کی حکومت بھارت اور افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ ساتھ خارجہ پالیسی میں بھی نمایاں تبدیلی لانا چاہتی تھی اور اس وعدے پر اوباما انتظامیہ نے پاکستان کی معاشی امداد میں ریکارڈ اضافہ کیا تھا تاہم بعد میں اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔