امریکہ (جیوڈیسک) ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اپنے خاوند کا دفاع کرتے ہوئے انھیں ‘جنٹل مین’ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان پر دست درازی کا الزام لگانے والی خواتین ‘جھوٹی’ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ویڈیو ٹیپ میں عورتوں کے بارے میں جو فحش الفاظ ادا کیے تھے وہ ناقابلِ قبول تو ہیں لیکن ان کے خاوند کی نمائندگی نہیں کرتے۔
میلانیا نے کہا کہ ٹرمپ نے ‘لڑکوں کی سی باتیں’ کی ہیں لیکن اس کے لیے انھیں ٹی وی شو کے میزبان بلی بش نے ‘اکسایا’ تھا۔
اس ٹیپ کی وجہ سے درجنوں رپبلکن رہنما اپنی ہی جماعت کے صدارتی امیدوار ٹرمپ کی حمایت سے دست بردار ہو گئے تھے۔
اس کے بعد سے کئی ایسی خواتین بھی سامنے آئی ہیں جنھوں نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے ان سے دست درازی کی تھی۔ ٹرمپ نے اس کی تردید کی ہے۔
میلانیا نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ‘میں جانتی ہوں کہ وہ خواتین کی عزت کرتے ہیں، لیکن وہ اپنا دفاع کر رہے ہیں کیوں کہ یہ سب جھوٹ ہے۔
‘مجھے اپنے خاوند پر اعتماد ہے۔ میرے خاوند نرم دل اور جنٹل مین ہیں اور وہ کبھی بھی ایسا نہیں کریں گے۔’
انھوں نے دعوی کیا کہ یہ سکینڈل دراصل ہلیری کلنٹن کی ٹیم اور میڈیا نے ٹرمپ کی امیدواری کو نقصان پہنچانے کی خاطر کھڑا کیا ہے۔ ‘کیا (میڈیا نے) کبھی ان خواتین کا پس منظر جاننے کی کوشش کی ہے؟’۔
ٹرمپ کے جنسی سکینڈل کے بعد پہلی بار بات کرتے ہوئے میلانیا نے اپنے خاوند کے خواتین کے بارے میں رویے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کبھی غیر مناسب رویہ اختیار نہیں کیا۔
امریکی صدارتی انتخابات آٹھ نومبر کو منعقد کیے جائیں گے انھوں نے کہا کہ الٹا خواتین ٹرمپ کو ان کے سامنے اپنا فون نمبر دیا کرتی تھیں۔
ایکسس ہالی وڈ کی ٹیپ کے بارے میں انھوں نے کہا: ‘میں نے اپنے خاوند سے کہا کہ یہ زبان نامناسب ہے۔ یہ ناقابلِ قبول ہے۔ اور مجھے حیرت ہوئی تھی کیوں کہ یہ وہ شخص نہیں ہے جسے میں جانتی ہوں۔’
امریکی صدارتی انتخابات میں صرف تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں اور رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کو ٹرمپ پر خاصی برتری حاصل ہے۔