کراچی : حسین لاکھانی ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوسف گوٹھ سرجانی ٹاءون میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لیئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، فری میڈیکل کیمپ میں مقامی لوگوں کامعائنہ کیا گیا اور طبی امداد فراہم کی گئی، کیمپ میں میڈیکل اسپیشلسٹ ، جلدی امراض، گائنی اور بچوں کے ڈاکٹرز نے ایک ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا، شوگر ٹیسٹ، بلڈ ٹیسٹ، الٹراساءونڈ اور بلڈ پریشر کے چیک کی سہولیات بھی دستیاب تھیں ، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کیمپ کا دورہ کیا اور شدید بارشوں سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات بھی کی، میڈیا سے بات چیت کے دوران حنید لاکھانی کا کہنا تھا کہ آج ہم نے یہاں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد یہاں کے لوگوں کو فری طبی سہولیات کی فراہمی ہے ، اس علاقے میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور حکومت سندھ کو ہوش ہی نہیں ہے، سندھ حکومت کے لوگوں کے دلوں میں قوم کے لیئے کوئی درد نہیں ہے ان لوگوں کے دلوں پر کالک لگی ہوئی ہے بے حس ، جھوٹے اور مکار لوگ ہیں ، ہمارے پا س ایمبولینسز ہیں جو مریضوں کو لیکر ہسپتال میں شفٹ کر رہے ہیں۔
یہ کام سندھ حکومت کا ہے جن کے پاس بجٹ ہے اور تمام سہولیات میسر ہیں ، یہ بہت بڑا علاقہ ہے اور ایک کونے میں بیٹھے ہوئے ہیں ایک چھوٹے سے علاقے کو کور کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ لوگ بے گھر ہوگئے ہیں نقل مکانی کر نے پر مجبور ہیں ان کی جمع پونجی ختم ہوگئی ہے، بارشوں اورسیوریج کے پانی سے وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ ہے، معصوم بچے اور بزرگ شہریوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کی پیشگی اطلاع کے باوجود سندھ حکومت نے کراچی میں کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں ، نہ ہی ند ی نالوں کو صاف کروایا گیا اور نہ ہی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے کوئی پلاننگ کی گئی ، انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی ادارے اپنا اپنا تھوڑا سا حصہ ڈال رہے ہیں لیکن اصل کام صوبائی حکومت کا ہے۔