اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن نے الزام عائد کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر حسین نواز کی جے آئی ٹی کی تصویر حکومت نے لیک کرائی ہے۔
مقصد حسین نواز کو مظلوم ثابت کرنا ہے۔ وزارت داخلہ نے الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کے انتظامی امور میں اسلام آباد پولیس یا وزارتِ داخلہ کا کوئی عمل دخل نہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی مکمل طور پر حکومت کی دسترس میں ہے۔
وزارت داخلہ نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی پارٹی کا حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کی ذمہ داری وزارتِ داخلہ پر ڈالنا بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہے۔ اکیڈمی کے انتظامی امور میں اسلام آباد پولیس یا وزارتِ داخلہ کو کوئی عمل دخل نہیں۔ جوڈیشل اکیڈمی کی صرف بیرونی سیکیورٹی اسلام آباد پولیس کے پاس ہے۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی بھی اسلام آباد پولیس ہی دیتی ہے، کیا جو کچھ بنی گالہ رہائشگاہ کے اندر ہوتا ہے اسکی ذمہ داری بھی اسلام آباد پولیس اور وزارتِ داخلہ پر ڈال جا سکتی ہے۔