پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں صدرمملکت ممنون حسین کی آمد سے قبل ہی روٹ لگ گیا ۔ قیوم سٹیڈیم کوجانے والے تمام رستے ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے ۔ وزیر اعلیٰ نے روڈ بند کرنے کا نوٹس لے لیا۔
صدر مملکت ممنون حسین پشاور میں دوپہر دو بجے قیوم سٹیڈیم میں گورنر فاٹا یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ صدر کی آمد سے کئی گھنٹے قبل ہی قیوم سٹیڈیم کو جانے والے راستوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دفاترجانے والے افراد بھی روڈ بند ہونے کی وجہ سے پھنس گئے ، جگہ جگہ پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سڑکوں کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او کو فوری طور پر سڑکیں کھولنے کی ہدایت کر دی ۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پولیس انتظامیہ کو عوام کی مشکلات کے پیش نطر صدر مملکت کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے ساتھ سڑکیں بند نہ کرنے کی ہدایت کی۔