حیدرآباد (جیوڈیسک) اندرون سندھ بارشوں کا سلسلہ شدت پکڑ گیا ہے۔ ٹھٹھہ میں ریلوے ٹریک ڈوب گیا ہے۔ حیدر آباد میں12 گھنٹے مسلسل بارش کے بعد فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ حیدر آباد میں دوپہر بارہ بجے شروع ہونے والی بارش سے شہر میں تین سے چار فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔ مختلف علاقوں کا ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ گاڑیاں پانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
شہر کا 40 فیصد حصہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ بجلی نہ ہونے کے باعث سیوریج مشینیں بھی بند پڑی ہیں۔ صورتحال خراب ہونے کے باعث فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ دوسری طرف ٹھٹھہ میں شدید بارشوں کے باعث جھنگ شاہی کے قریب دس گاں ڈوب گئے۔ پہاڑیوں سے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث ریلوے ٹریک ڈوب گیا۔
کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکپسریس اور نائٹ کوچ جھنگ شاہی اسٹیشن پر روک لی گئیں۔ لاڑکانہ میں دوپہر دو بجے سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ متعدد علاقوں میں دو سے تین فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے۔ بجلی بند ہونے سے پمپنگ اسٹیشن بندپڑے ہیں۔ روہڑی، سکھر، لاڑکانہ، محراب پور، خیر پور، جیکب آباد، شکار پور، نوڈیرو اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ا