حیدرآباد (جیوڈیسک) میں پانچ کریکر حملوں میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ لاڑکانہ، محراب پور، اور دادو میں بھی کریکر حملے کئے گئے۔ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔ وزیر صحت نے ھسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔
حیدر آباد میں پہلا کریکر حملہ لطیف آباد نمبر سات میں ہوا۔ جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حیدر چوک کے قریب کریکر حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ تیسرا کریکر حملہ لبرٹی چوک کیقریب ہوا۔ پھلیلی میں بھی نامعلوم افراد نے کھلے عام فائرنگ کی۔
نامعلوم شر پسند حسین آباد کے قریب ریلوے لائن پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے۔ لاڑکانہ کی بڑی مچھلی مارکیٹ میں کریکر دھماکا کیا گیا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محراب پور میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ دادو میں دو کریکر دھماکے ہوئے۔ وزیراعلی سندھ نے کراچی اور حیدرآباد میں کریکر حملوں پر رپورٹ طلب کرلی۔ سندھ میں دہشت گردی کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، بینظیر آباد، سکھر، سکرنڈ میں حملے ہوسکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب وزیر صحت سندھ نے صوبے کے ھسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ھسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کو موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔