حیدر آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ آئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن آپس میں لڑ پڑے۔
عمران خان کی حیدر آباد آمد کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی تاہم اس موقع پر پارٹی کے ایک دھڑے نے تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جس پر ان کے حامیوں نے جب نعرے لگانے والوں کو روکنے کی کوشش کی تو بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی اور دونوں دھڑوں کے کارکن آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
عمران خان کو جب اس بدنظمی کی اطلاع ملی تو وہ کارکنوں سے بات کرنے کے بجائے گاڑی میں بیٹھ کر بھٹ شاہ روانہ ہوگئے جہاں وہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری کے ساتھ ساتھ بھٹ شاہ کے سجادہ نشین سے بھی ملیں گے۔