حیدرآباد(جیوڈیسک) حیدرآباد میں زہریلی شراب سے ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سپاف (ش ب) کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے بینرز وپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پورا شہر منشیات کی لپیٹ میں ہے اور پولیس صرف چھوٹے چھوٹے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرکے خانہ پوری کر رہی ہے، 30 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کے باوجود پولیس نے بڑے پیمانے پر منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ اس کے برعکس بھتہ وصولی میں اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے زہریلی شراب پینے کے نتیجے میں مرنے والے افراد کے اہلخانہ سے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والے افراد کے قتل کا مقدمہ حیدرآباد پولیس افسران کے خلاف درج کرکے ایماندار افسران تعینات کئے جائیں تاکہ منشیات کی لعنت کو ختم کیا جاسکے۔ دریں اثنا حیدرآباد پولیس نے ہفتے کے روز مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 20 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ حیدرآباد میں ڈیڑھ سو سے زائد مقامات پر نہ صرف کچی شراب کشید کی جارہی ہے بلکہ پولیس کی سرپرستی میں فروخت بھی کی جارہی ہے، دریں اثنا پولیس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے۔
بی سیکشن پولیس نے یونٹ نمبر 10 سے محمد شاہد شیخ کو 5 بوتل شراب، پبن پولیس نے صادق پڑھیار سے 10 لٹر شراب، ٹنڈوجام پولیس نے جئے شاہ لنک روڈ کے قریب اوطاق پر چھاپہ مارکر ہزاروں لٹر شراب اور کیمیکل برآمد کرلیا اور وہاں سے ایک ملزم غلام اصغر عرف بچو کو گرفتار کرکے ایک پستول بھی برآمد کرلیا، پھلیلی پولیس نے جوڑیل شاہ قبرستان کے قریب سے امجد علی کو گرفتار کرکے 20 بوتل شراب، گرونگر کے قریب سے عرفان علی ماچھی سے کچی شراب کی 120 بوتلیں، حسین آباد پولیس نے بچائو بند کے قریب سے انور علی کو گرفتار کرکے 10 بوتل شراب جبکہ پبن پولیس نے منشیات فروش محمد حسین کو پانچ لٹر کچی شراب سمیت گرفتار کرلیا، شیدی محلے سے شاہد عرف مصری ماچھی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بھی بھاری مقدار میں شراب برآمد کرلی۔
دریں اثنا ایکسائز پولیس سجاول نےخفیہ اطلاع پر بخاری محلے میں چھاپہ مارا، اس دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم ملاح کوگرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم عباس شاہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے 280 لٹر کچی شراب اور دیگر کیمیکل برآمد کر لیا اور گرفتار ملزم کو لاک اپ کرکے چالان کردیا، علاوہ ازیں کھوسکی اور شادی لارج کی پولیس نے کھوسکی کے نواحی شہر شادی لارج کی مدینہ کالونی میں شراب کی بھٹی پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں دو سو لٹر کچی شراب اور شراب کشید کرنے کا سامان بر آمد کرکے بھٹی کے مالک اسلم آرائیں کو موقع پر گرفتار کر لیاگیا۔ دوسری کارروائی میں شادی لارج پولیس نے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر سجاد بھٹی کو دو سو گرام سے زائد چرس کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔