حیدرآباد: پولیس موبائل پر فائرنگ، 3 اہلکار جاں بحق، ایک زخمی

Hyderabad

Hyderabad

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدرآباد میں پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین اہل کار جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد کاکہناہے کہ پولیس میں اتنی صلاحیت نہیں کہ دہشت گردوں سےنمٹ سکے۔ فائرنگ کا واقعہ حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 8 میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم ملزمان نے پولیس موبائل پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ سے 4 اہل کار اور ایک راہ گیر شدید زخمی ہوگیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر بھٹائی اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں انہیں سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔تاہم اس دوران تین اہل کار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ ایک اہل کار اور راہ گیراسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ اس موقع پر ورثا نے شدید احتجاج کیا اور میڈیا کو کوریج سے بھی روک دیا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی حیدرآباد ریجن ثناءاللہ عباسی نے سول اسپتال میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کاقتل شمالی وزیرستان آپریشن کاردعمل ہوسکتاہے، دہشت گردی کوروکناصرف پولیس کا کام نہیں۔

اُدھر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جاں بحق اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے واقعے کانوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔ رواں سال حید رآباد میں دہشت گرد کارروائیوں میں اب تک 12پولیس اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔