حیدرآباد : ملکہ اور حور کی جوڑی کی قیمت صرف 50 لاکھ

Cow

Cow

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدر آباد میں عید الاضحیٰ پر سنت ابراہیمی کی پیروی کے لیے مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریدو فروخت کا سلسلہ جاری ہے لیکن حیدر آباد کے علاقے پکا قلعہ کی ملکہ اور حور نے لوگوں کی نیندیں اڑدی ہیں۔ اس جوڑے کی قیمت ہے صرف پچاس لاکھ روپے۔ پکا قلعہ میں ملکہ اور حور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

خواتین ، بچے اور جوان سب ہی ان کے دیوانے ہیں۔ حور کو اپنے سفید رنگ پرغرور ہے توسانولی رنگت پر سفید موتیوں کی مالا اور سر پرانا رکلی کی طرح تاج سجائے ملکہ کو بھی اپنے حسن پر ناز ہے۔ جب کھنکتی ہوئی پائل پہنے دونوں نے نازوانداز سے واک کی تو دیکھنے والے تعریف کیے بغیر نہ رہ سکےاور موبائل فون پر تصویریں اور مووی بنانے میں مصروف ہو گئے۔

ملکہ اور حور کے نازو نخرے بھی خوب اٹھائے جاتے ہیں۔ مالک کا کہنا ہے کہ انہیں پالنے میں اس کا بڑا خرچہ ہوا ہے۔ انہیں دودھ، مکھن اور بادام کھلائے جاتے ہیں۔ ایک 40 من کی ہے تو دوسری 35 من کی ہے جنہیں پورے سال دودھ اور گھی پلایا گیا ہے۔

جس کی وجہ سے ان کی مالیت پچاس لاکھ روپے ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان خوبصورت جانوروں کو دیکھنے کے بعد ان کی قربانی پر دل تو دکھتا ہے لیکن اللہ کی راہ میں خوبصورت جانوروں کو قربان کرنے کے عمل سے ان کو دلی سکون ملتا ہے۔