حیدرآباد سمیت سندھ میں یوم باب الاسلام منایا گیا

Hyderabad

Hyderabad

حیدرآباد (جیوڈیسک) اسلام کے عظیم مجاہدمحمد بن قاسم نے ایک مظلوم بہن کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے راجہ داہر کے خلاف علم جہاد بلند کیا اوراسے کیفر کردار تک پہنچا کر اسلام کی عظیم تاریخ رقم کی، آج دنیا بھر میں حوا کی بیٹیوں کو ہوس کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مظلوم مسلمان دنیا بھر میں ذلت اور رسوائی سے دوچار ہیں، آج پھر محمد بن قاسم کی ضرورت ہے جو اٹھے اور کشمیر کی مظلوم بہنوں کی صدا سنے،ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد یو نس دانش ،ناظم علی آرائیں۔

سید منیر حیدرشاہ ،محمد رضوان نقشبندی اور عبدالغنی شاہ نے یوم باب الاسلام کے سلسلے میں جے یو پی حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری رضوان شیخ کی رہائش گاہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اسوقت نوجوان نسل کو محمد بن قاسم کی شجاعت وبہادری کے کارناموں سے روشناس کرانا چاہیے تاکہ امت مسلمہ کے نوجوان ظلم کے خلاف جرأت و شجاعت کا پیکر بنیں، انہوں نے کہا کہ آج دس رمضان المبارک ہے جو محمد بن قاسم کی عظیم جدوجہد اور کارناموں پر محیط دن کی یاد دلاتاہے لہٰذا قوم میں شعور بیدار کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا کو کردار ادا کرنا چاہیے،آج ہمارا نوجوان اسلام کی تاریخ سے ناواقف ہونے کی وجہ سے بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے ،ہندوانہ طرز عمل اختیار کیا جارہا ہے، کلچر وثقافت کی کثافت نے معاشرے کو تباہی کی جانب موڑ دیا ہے۔

دریں اثنا انجمن نوجوانان اسلام حیدرآباد کی جانب سے محمد بن قاسم کی یاد میں اجتماع ہوا جس سے صوبائی صدر محمد احسان رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فاتح سندھ و مجاہد انقلاب محمد بن قاسم نے سندھ کی ایک بیٹی کی پکار پر عرب سے آکر ظلم وزیادتی اور ہٹ دھرمی کو پاؤں تلے روند دیا اور سندھ کی بیٹی کو ظلم و زیادتی کے اندھیروں سے آزاد کرواکر ایک نئی تاریخ رقم کی، آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ محمد بن قاسم کی تاریخ کا مطالعہ کریں، ظلم و جبر اور لاقانونیت کیخلاف اُٹھ کھڑے ہوں تاکہ معاشرے میں پیدا ہونیوالی برائیاں دم توڑ سکیں۔