حیدرآباد کی خبریں 25/4/2015

Hyderabad

Hyderabad

حیدرآباد (اسلم انجم قریشی) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے سول ہسپتال حیدرآباد کے دیوان مشتاق شعبے میں دل کے مریضوں کی مفت اینجوگرافی اور اینجو پلاسٹی کے لیے کیتھ لیب اور حادثات میں زخمیوں کے لیے علیحدہ نیورو سرجری وارڈ اور آپریشن تھیٹر قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ اور ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کے لیے ان سے رابطے میں رہیں تاکہ حیدرآباد اور بالخصوص اندرون سندھ کے مریضوں کو صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات مفت فراہم کی جاسکیں ۔ اس بات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سول ہسپتال حیدرآباد کے دیوان مشتاق اور ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ چیف سیکریٹری محمد صدیق میمن نے مزید کہا ہے کہ حیدرآباد میں کیتھ لیب کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے نا صرف حیدرآباد بلکہ اندرون سندھ کے دل کے مریضوں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور اچانک دل کا دورا پڑنے کی وجہ سے وہ کراچی پہنچنے سے پہلے ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں سے زیادہ کوئی بھی چیز اہم نہیں ہے اس لیے انسانی زندگی کے تحفظ کے لیے سندھ کے کونے کونے میں صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس ضمن میں حیدرآباد میں کیتھ لیب کا قیام ایک سنگ میل ہے جس سے غریب افراد کو دل کے امراض کا مہنگا علاج مفت میسر ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سندھ بھر کے لوگوں کا مرکز ہے اور حادثات میں زخمیوں کو بھی حیدرآباد لایا جاتا ہے ۔ اس لیے سول ہسپتال حیدرآباد میں نیورو شعبے کو مزید فعال بنایا جائے اور نیورو سرجری کا علیحدہ وارڈ اور آپریشن تھیٹر قائم کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ حادثات میں زخمیوں کے فوری آپریشن کر کے ان کی زندگیاں بچائی جائیں۔اس ضمن میں انہوں نے سول ہسپتال انتظامیہ اور ڈویژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ دونوں منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے فوری طور پر ان سے رابطہ کریں اور کمشنر دونو ں منصوبوں کی نگرانی کر کے ان کی رپورٹ پیش کریں انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے حیدرآباد میں دیوان مشتاق اور نیورو سرجری وارڈ کے لیے ماہر ڈاکٹر ،پیرا میڈیکل عملہ اور مطلوبہ مشینری بھی فراہم کی جائے گی ۔ بعد ازاں چیف سیکریٹری نے سول ہسپتال حیدرآباد کے دیوان مشتاق اور ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا جس کے دوران مختلف مریضوںسے عیادت بھی کی اور انہیں میسر سہولیات اور درپیش مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدر شاہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ہسپتالوں کے ارد گرد ٹریفک کا مسئلہ حل کیا جائے جس پر کمشنر نے انہیں بتایا کہ ان کی انتظامیہ نا صرف ہسپتالوں کے ارد گرد بلکہ ضلع بھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے شہر کی سڑکوں کو ون وے بنانے کے پروگرام پر عمل کر رہی ہے جس کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں مختلف علاقوں سمیت سول ہسپتال کے اندر اور باہر تجاوزات ختم کی گئی ہیں جبکہ سول ہسپتال کی سڑک کو کشادہ کیا جائے گا تاکہ ایمبولینس کے ذریعے مریضوں کو وارڈ تک شفٹ کیا جاسکے اس کے ساتھ ساتھ پارکنگ کے لیے ہسپتال میں ایک مقام بھی مختص کیاگیا ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فیاض جتوئی اور ایس ای بلڈنگس اختر ڈاوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرآباد (اسلم انجم قریشی) محکمہ ثقافت و سیاحت حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے نامور عوامی شاعر استاد بخاری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 27 اپریل 2015 کو شام 5 بجے سندھ میوزیم حیدرآباد میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی ۔ جس میں سندھ کے نامور شاعر ، ادیب اور دانشور استاد بخاری کی شخصیت کے مختلف پہلوؤ پر روشنی ڈالیں گے بعد میں محفل موسیقی میں سندھ کے نامور فنکار استاد بخاری کی شاعری کو گیتوں میں پیش کریں گے ۔