حیدر آباد سمیت اندورن سندھ ایم کیو ایم کے مظاہرے

MQM

MQM

سکھر (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ نہ بنا کر دینے کے خلاف حیدر آباد سمیت سندھ کے متعدد شہروںمیں ایم کیو ایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں قائم نادرا رجسٹریشن آفس کے سامنے ایم کیو ایم کی جانب سے کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں پارٹی کارکنان اور حق پرست عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جو الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کئے جانے کے خلاف انتہائی جذباتی انداز میں وفاقی وزارت داخلہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنمائوں رشید احمد بھیا، زبیر احمد خان، نوید شمسی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ جاری نہ کئے جانے سے کروڑوں عوام کی دل آزاری ہوئی ہے اس لئے جاگیردار اور وڈیرانہ سوچ رکھنے والے حکمراں فی الفور الطاف حسین کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا اجراکریں۔ایم کیو ایم سکھر زون کے انچارج شہزادہ گلفام، حق پرست ایم پی اے دیوان چند چائولہ و دیگر شعبہ جات کے ذمے داران کی قیادت میں کارکنان کی بڑی تعداد نے نادرا آفس سکھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی، رہنمائوں کا کہنا تھا کہ الطاف حسین پاکستان کے اٹھانوے فیصد محروم و محکوم عوام کے نمائندہ لیڈر ہیں، یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے معاملے کواپنی اناکامسئلہ بنالیاہے۔

وہ اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، اس متعصبانہ طرزعمل کی وجہ سے قائد تحریک الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے عوام میں شدیدغم وغصہ پایا جاتا ہے، متحدہ قومی موومنٹ لاڑکانہ زون کی جانب سے نادرا ریجنل آفس کے سامنے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کرنے کے خلاف زونل انچارج اعجاز احمد ساریو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ضلع کے 26 یونٹس کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی،احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےاعجاز ساریونے کہا کہ محب وطن پاکستانی الطاف حسین کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جا رہا جس کے باعث ایم کیو ایم کا پر امن احتجاج پر تشدد احتجاج میں تبدیل ہو سکتا ہے، ٹنڈو آدم میں سانگھڑ زون کے انچارج عارف شیخ اور زونل کمیٹی کے اراکین کی قیا دت میں جوہر آباد زونل آفس سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا قومی شناختی کارڈ نہ بنائے جانے کے خلاف احتجاجی ریلی مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی نادرا آفس پہنچی جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور انہوں نےانتہائی پرجوش انداز میں نادرا کے خلاف سخت نعرے بازی کی، جیکب آباد میں متحدہ کے سیکڑوں کارکنوں نے زونل آفس سے احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت زونل انچارج فتح علی رند، سابق رکن سندھ اسمبلی عارف مسیح و دیگر کر رہے تھے، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جھوٹے دلائل پیش کرنے سے حکومتی بددیانتی کھل کر سامنے آ گئی ہے ، علاوہ ازیں کشمور، بدین ،سانگھڑ، نواب شاہ، مکلی اور دیگر شہروں میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے مظاہرے کیے اور الطاف حسین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔