حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدرآباد پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں ،موٹر سائیکل لفٹر زاور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 10افرا دکو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق بی سیکشن پولیس نے ایچ ڈی اے چوک یونٹ نمبر 6 سے ملزم سعید عالم شیخ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول، حالی روڈ پولیس نے کاشف قریشی کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی رقم اورموبائل فون برآمد کرلیا
سٹی پولیس نے سینٹ میری چوک سے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ارسلان راجپوت جو لیاقت کالونی کا رہائشی ہے، کو گرفتار کرکے ایک عدد 30بور کا پستول اور گولیاں برآمد کرلیں، پنیاری پولیس نے کالی موری کے قریب چھاپہ مارکر لالو لاشاری کے رہائشی موٹر سائیکل لفٹر نادر علی کو گرفتار کرلیا، اسی طرح سی آئی اے پولیس نے ہٹڑی تھانے کی حدود حیدرآباد سٹی چوک سے تین ملزمان شاہنواز نوناری، محمد علی بروہی اور وسیم چانڈیو کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول، گولیاں اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے جانیوالے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے انکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ سی آئی اے پولیس نے ایک اور کارروائی میں بھٹائی نگر تھانے کی حدود سے دو منشیات فروشوں علی مراد اور وحید سولنگی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔