کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حیدرآباد یونیورسٹی کسی ایک طبقہ کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے ہوگی اورا س میں داخلے سفارش پرنہیں بلکہ میرٹ پرہوں گے۔ انہوں نے یہ بات آج حیدرآباد میں زونل کمیٹی کے ارکان اورنائن زیرو پر اراکین رابطہ کمیٹی اور شعبہ جات میں تنظیمی فرائض انجام دینے والے ذمہ داروں اور ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
الطاف حسین نے حیدرآباد یونیورسٹی کیلئے 50 ایکڑ زمین کی منظوری پر حیدرآباد کے تمام طلبہ و طالبات، ماؤں، بہنوں بزرگوں، تمام کارکنوں، ذمہ داروں، منتخب نمائندوں اور شہر کے تمام عوام کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی عوام کی برسوں کی آرزو انشاء اللہ جلد پوری ہونے کو ہے، آج یونیورسٹی کے لئے زمین کی منظوری ہوگئی ہے، جلد ہی یونیورسٹی کی تعمیر بھی شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے خواب کی تکمیل کا آغاز سب کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے۔ نائن زیرو پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے یونیورسٹی کیلئے زمین کی منظوری کی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ یونیورسٹی کے قیام کی راہ میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو دور فرمائے اور اس کو جلد سے جلد تکمیل کے مرحلے میں پہنچائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی قوم کو علم کی روشنی سے اس طرح منور کر دیا جائے کہ یہ اس خطے کی بہترین یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرے۔
انہوں نے گزشتہ روز حیدرآباد میں فائرنگ کے واقعہ میں رابطہ کمیٹی کے معاون رکن غازی صلاح الدین کے بھائی ضیاء الدین کے جاںبحق ہونے پر غازی صلاح الدین اور رابطہ کمیٹی سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ضیاء الدین کی مغفرت فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور قاتلوں کی گرفت کرے۔ الطاف حسین نے اپنی والدہ مرحومہ خورشید بیگم کے درجات کی بلندی کے لئے بھی دعاکی جن کی آج برسی منائی گئی۔ اس موقع پر تمام اراکین رابطہ کمیٹی اور شعبہ جات کے ارکان نے بھی مرحومہ خورشید بیگم کیلئے دعائے مغفرت کی۔