حیدرآباد (جیوڈیسک) واسا ملازمین نے 7 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف حیدرآباد میں دفاتر کی تالا بندی کرکے ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، تفصیلات کے مطابق مہران ورکرز یونین نے واسا ملازمین کو گزشتہ سات ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف حیدرآباد میں دفاتر کی تالا بندی کرکے کام چھوڑ ہڑتال شروع کردی۔
واسا ملازمین نے ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ واسا کے مستقل ملازمین کو چار اور ورک چارج ملازمین کو گزشتہ 7 ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کرکے ان کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ادارے کے افسران مسلسل احتجاج کے باوجود ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کررہے ہیں بلکہ ٹھیکیداروں کو کمیشن بنانے کے لئے کروڑوں روپے کے چیک جاری کئے جارہے ہیں۔
مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ واسا ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں بصورت دیگر احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں حیدرآباد کا نکاسی و فراہمی آب کا نظام بند کردیا جائے گا۔