اسلام آباد(جیوڈیسک)وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے کہا ہے کہ پرائیویٹ پاور انفرا اسٹرکچر بورڈ پن بجلی کے پندرہ منصوبے جلد مکمل کر لے گا جس سے ساڑھے چھے ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔
چودھری احمد مختار کی سربراہی میں پرائیویٹ پاور انفرا اسٹرکچر بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اجلاس میں واپڈا کی طرف سے بنجی کے مقام پر 7100میگاواٹ کا نیا پن بجلی پروجیکٹ جبکہ پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر میں نجی شعبے کے تعاون سے 590 میگاواٹ کا ایک اور پن بجلی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئلے سے سستی بجلی کی پیداوار کی حوصلہ افزائی کے لئے بینکو ں سے قرضوں کا ا جرا آسان بنایا جا رہا ہے اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے 2530میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔