آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں مصباح الحق کی ساتویں پوزیشن

Misbah-Ul-Haq

Misbah-Ul-Haq

دبئی (جیوڈیسک) ابوظہبی میں شاندار سینچری بنانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق ٹاپ ٹیم میں پاکستان کے دو انتہائی تجربہ کار بیٹسمین شامل ہو گئے۔ زمبابوے میں ڈبل سینچری بنانے والے یونس خان چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ کپتان مصباح الحق نے پانچ درجے اونچی چھلانگ لگائی ہے اور اب ٹیسٹ کیرئیر کے بہترین رینک یعنی ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹاپ پوزیشن پر تو اب بھی جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ ہیں جبکہ دوسری پوزیشن ڈی ویلیئر نے حاصل کر لی ہے۔ بولرز میں بھی ابتدائی دونوں پوزیشن پر جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین اور فلینڈر ہیں۔ سعید اجمل چوتھے نمبر پر ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں ابھی تو پاکستان کا چھٹا نمبر ہے لیکن ٹیم پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف دبئی ٹیسٹ ڈرا کھیل کر بھی چوتھی پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔