دبئی (جیوڈیسک) ہرارے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے کامیابی کیا حاصل کی، میچ کے ہیروز کی ٹیسٹ رینکنگ بھی بہتر ہوگئی، سعید اجمل ایک بار پھر ٹاپ تھری بولرز میں واپس آ گئے۔ آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں یونس خان اور سعید اجمل نے ترقیاں پائی ہیں۔ ہرارے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے یونس خان دو درجے بہتری کے بعد 8 ویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
ہرارے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرنیوالے مصباح الحق 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی بالرز میں بیٹسمینوں سے پیچھے نہیں رہے، ہرارے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لینے والے آف سپنر سعید اجمل کی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی ہوئی ہے، سعید اجمل ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور ڈیل اسٹین اس وقت بھی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ بیٹسمین اور بالر ہیں۔