پاکستان (جیوڈیسک) آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس آج واشنگٹن میں ہوگا۔ جس میں پاکستان کو چھ اعشاریہ چھ ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کے آج واشنگٹن میں ہونے والے ایگزکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لئے نئے پروگرام کی منظوری دی جائے گی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے وفد کے مابین جولائی میں چھ اعشاریہ چھ ارب ڈالر کے نئے پروگرام پر اتفاق ہوا تھا۔ قرضے کا یہ نیا پروگرام تین اقساط پر مبنی ہوگا۔ سال دو ہزار آٹھ میں لیا گیا اسٹینڈ بائی پروگرام آئی ایم ایف کی جانب سے عائد شرائط پوری نہ ہونے کے باعث مکمل نہ ہوسکا تھا۔
وزارت خزانہ حکام کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط میں بجلی پر سبسیڈی کا خاتمہ، ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور مالیاتی خسارے میں کمی شامل ہے۔ جس پر حکومت نے عملدرآمد شروع کردیا ہے ۔ قرض کی منظوری کی صورت میں حکومت کو رواں مالی سال دو ارب بیس کروڑ ڈالر کی پہلے قسط ملے گی جب کہ حکومت پاکستان کو رواں مالی سال گزشتہ پروگرام کی مد میں تین ارب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہیں۔