لاہور (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری سالانہ اپ ڈیٹ کی جانے والی رینکنگ میں پاکستان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دھچکا لگا۔ ورلڈزکپ کوارٹرز فائنل سے باہر ہونا اور پھر بنگلا دیش سے کلین سویپ شکست نے گرین شرٹس کو تاریخ کے بدترین نویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ نواں نمبر پاکستان کے لئے چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں خطرے کا نشان بن گیا ہے۔
اگر رواں سال ستمبر تک پاکستان کا رینکنگ میں یہ نمبر رہا تو پھر دو سال بعد لندن میں ہونے والے آئی سی سی کے میگا ایونٹ میں نمائندگی نہیں ملے گی۔ چیمپئنز ٹرافی میں ٹاپ کی آٹھ ٹیمیں کوالیفائی کرتی ہیں۔
یوں ستمبر سے پہلے پاکستان کے پاس زمبابوے اور پھر سری لنکا کے خلاف اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع ہے۔ رینکنگ میں نمبر سات ویسٹ انڈیز اور نمبر آٹھ بنگلا دیش کے اٹھاسی اٹھاسی پوائنٹ ہیں جبکہ پاکستان کے ستاسی پوائنٹس ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ بھارت بدستور دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کی سالانہ رینکنگ میں بھی پاکستان کو ایک درجہ تنزلی کا کڑوا گھونٹ بھرنا پڑا۔ قومی ٹیم اب پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔ ٹاپ تھری ٹیموں میں سری لنکا، بھارت اور آسٹریلیا کے نام بدستور موجود ہیں۔