لاہور (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کی جانب سے نامزد کیے گئے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کو صدارت کے لیے منتخب کر لیا، کرکٹ کی دنیا سے پاکستان کیلئے خوشی کی نوید آئی ہے کہ آئی سی سی کی صدارت کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس منتخب ہوگئے۔
بطور آئی سی سی صدر ظہیر عباس کو دوسرے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے، ان سے پہلے 2006-2003 میں احسان مانی نے یہ ذمہ داری نبھائی۔ اب 9 سال بعد ظہیر عباس کی باری آئی۔ غیر ملکی دوروں، کرکٹ پالیسیوں میں صرف تجاویز اور انٹرنیشنل میچوں میں بطور وی آئی پی مہمان شرکت اپنی جگہ مگر سر پر آئی سی سی کی صدارت کا تاج سجنا کوئی چھوٹی بات نہیں،
صدارت کے اہل ظہیر عباس کے پاکستانی کرکٹ میں کارناموں کی داستان یوں ہے کہ ظہیر عباس 24 جولائی 1947 کو پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ظہیر عباس بلے بازی میں اپنے منفرد انداز کی وجہ سے پوری دنیا میں شہرت رکھتے ہیں۔ ظہیر عباس 78 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
انہوں نے 78 میچوں میں 44 اعشاریہ سات نو کی اوسط سے 5062 رنز سکور کیے جبکہ 62 ون ڈے میچوں میں 47 اعشاریہ چھ دو کی اوسط سے 2572 رنز بنائے۔ دو دہائیوں تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے ایشین بریڈ مین 459 میچوں میں 51 اعشاریہ پانچ چار کی اوسط سے 34843 رنز بنا چکے ہیں۔ ظہیر عباس کی بطور آئی سی سی صدر پاکستان کی نمائندگی قوم کیلئے فخر کا باعث ہے۔