آئی سی سی کنٹرول پر رائے شماری کا امکان، کچھ لوگ حامی کئی سخت خلاف

ICC

ICC

کراچی (جیوڈیسک) بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس تجویز پر رائے شماری ہونے کا امکان ہے، کچھ لوگ اس تجویز کے حق میں ہیں اور کئی سخت خلاف ہیں، رمیز راجا نے کہا کہ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے آئی سی سی پر قبضہ کر نے کیلئے جو پوزیشن پیپر بنایا ہے وہ ایک دن ہونا ہی تھا کیوں کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم کا کردار کافی عرصے سے غیر فعال تھا۔

رمیز راجا نے کہا کہ اس تجویز کی حمایت کیلئے بھارت اور انگلینڈ نے پاکستان کو جو پیشکش کی ہیں، اسے قبول کر لینا چاہئے، جذباتی ہونے یا پاکستانیت دکھانے کی ضرورت نہیں، اگر اس کیلئے بے شرم بھی ہونا پڑے تو کوئی بْرائی نہیں۔

بھارتی بورڈ کے سابق نائب صدر للیت مودی نے پوزیشن پیپر کی مخالفت کر تے ہوئے کہا کہ بات صرف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ کی نہیں، کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی بھی ہے، اگر big three نے آئی سی سی پر قبضہ جما لیا تو کرکٹ ختم ہو جائے گی۔

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ بھی اس تجویز کے حق میں نہیں مگر پاکستان کے پاس سوائے اس کی حمایت میں ووٹ دینے کے کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں۔ سابق بھارتی کپتان بشن سنگھ بیدی نے بھی کہا ہے کہ اس تجویز کو مسترد کر نے کے لیے غیرت کا مظاہرہ کر نا ہو گا۔