آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں سعید اجمل اور محمد حفیظ کی حکمرانی برقرار

Hafeez And Ajmal

Hafeez And Ajmal

دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم اور کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق 10 بہترین بلے بازوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں جبکہ بولنگ اور بہترین آل راؤنڈر فہرست میں پاکستان بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقا نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں کامیابی کے بعد 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آچکی ہے اور پروٹیز پانچ سال بعد پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ آسٹریلیا 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت تیسرے، سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستان 98 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ اسی طرح بیٹنگ کے شعبے میں کوئی پاکستانی بیٹسمین 10 بہترین ناموں میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا، جنوبی افریقا کے ہی اے بی ڈیویلئرز پہلے اور ہاشم آملہ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، اسی طرح ویرات کوہلی تیسرے، آسٹریلوی کپتان جارج بیلی چوتھے، کمار سنگاکارا پانچویں، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی چھٹے، دلشان ساتویں، کوائنٹم ڈی کوک آٹھویں ، شیکر دھاون نویں اور روس ٹیلر دسویں نمبر پر ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں ایک مرتبہ پھر پاکستان سرفہرست ہے اور پابندیوں کے شکار جادوگر اسپنر سعید اجمل کرکٹ گراؤنڈ سے دوری کے باوجود 770 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اسی طرح پابندیوں کی زد میں آنے والے ویسٹ انڈیز کے اسپن بولر سنیل نارائن 753 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ڈیل اسٹین تیسرے، جیمز اینڈریسن چوتھے، مچل جونسن پانچویں، روندا جدیجا چھٹے، بھونیشور کمار ساتویں، محمد حفیظ آٹھویں، اسٹیون فن نویں اور کلنٹ میکی دسویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب تین بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں بھی پاکستان کی حکمرانی برقرار ہے اور محمد حفیظ 411 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، سری لنکا کے انجیلو میتھیوز 387 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بنگلادیشن کے شکیب الحسن 361 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔