دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق رواں سال کی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کا دوسرا اور بھارت کا پہلا نمبر ہے جب کہ پاکستان بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق اس سال کی ورلڈچیمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز رینکگ میں دوسرے نمبر پر آچکی ہے تاہم ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سیمی فائنل سے باہر ہونے والا بھارت رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔آئی سی سی رینکنگ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ ٹین ٹیموں میں نیوزی لینڈ تیسرے، انگلینڈ چوتھے، جنوبی افریقا پانچویں، آسٹریلیا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے جب کہ سری لنکا کا آٹھواں، افغانستان کا نواں اور بنگلا دیش کا دسواں نمبر ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی بھی رینکنگ جاری کردی ہے جس کےمطابق ابتدائی 20 بہترین بلے بازوں میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بھارتی بلے باز ویرات کوہلی بیٹسمینوں میں پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فینچ دوسرے، نیوزی لینڈ کے گپٹل تیسرے، انگلینڈ کے جوئی روٹ چوتھے اور جنوبی افریقا کے فاف ڈو پلیسز پانچویں نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے عمر اکمل کا 22 واں اور احمد شہزاد کا 25 واں نمبر ہے۔
آئی سی سی کی بولز کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سموئیل بدری سرفہرست ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے عمران طاہر دوسرے اور بھارتی بولر ایشوین تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا بولرز میں چوتھا نمبر ہے جب کہ شاہد آفریدی آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔