آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں سعید اجمل بہترین بولر اورمحمد حفیظ بہترین آل راؤنڈر قرار

Saeed Ajmal, Mohammad Hafeez

Saeed Ajmal, Mohammad Hafeez

دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ میچز میں بہترین کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی جس میں قومی ٹیم کے جادوگر اسپنر سعید اجمل بہترین بولر اور محمدحفیظ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بہترین آل راؤنڈر قرار دیئے گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق سعید اجمل 789 پوائنٹس کے ساتھ بہترین بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین 742 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 714 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ایک روزہ میچز اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی بہترین آل راؤنڈر پرفارمنس پیش کرنے میں بھی پاکستان ہی سرفہرست رہا اور سابق کپتان محمد حفیظ ون ڈے میچز میں 417 پوائنٹس کے ساتھ بہترین آل راؤنڈر قرار دیئے گئے ہیں جبکہ اسی فہرست میں 370 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر سری لنکن کھلاڑی انجلیو میتھیوز اور بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن 368 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی بہترین آل راؤنڈر پرفارمنس پیش کرنے پر فہرست میں پہلے درجے پر رکھا گیا ہے۔