کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ان پر آئی سی سی کی جانب سے قطعی دباؤ نہیں اور پاکستان کو وارننگ دیئے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گورننگ باڈی کو پہلے ہی آگاہ کر چکے ہیں کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی سے متعلق حکومت کو خط لکھ دیا جس کے جواب کا انتظار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک برطانوی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پاکستان کی جانب سے بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں سیکیورٹی خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بھارتی بورڈ کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ خبر میں دعوی کیا گیا کہ آئی سی سی نے وارننگ دی ہے کہ اگر پاکستان نے بھارت میں نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ پیش نہ کی تو اسے سخت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی بھی وضاحت کر چکے تھے کہ اگر حکومت سیکیورٹی کی بنیاد پر قومی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دیتی تو پھر آئی سی سی سے پاکستان کے میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے تاہم پی سی بی کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی نے اس خبر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو کسی بھی قسم کی وارننگ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے آئی سی سی نے پوچھا ضرور تھا جسے بتایا جا چکا ہے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے حکومت کو لکھے گئے خط کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
جس کے بعد نہ گورننگ باڈی نے کچھ پوچھا اور نہ ہی کوئی جواب دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے ان پر آئی سی سی کا کوئی دباؤ نہیں کیونکہ بھارت جانے کیلئے تمام تر انحصار حکومتی کلیئرنس پر کرنا ہوگا جس نے کوئی ہدایت نہیں کی نہ مشورہ دیا البتہ اگر حکومت کی جانب سے اجازت نہیں ملی تو پی سی بی بھی کچھ نہیں کر سکے گا۔