آئی سی سی نے ورلڈ کپ کو ”سپر ہٹ“ قرار دے دیا

ICC World Cup

ICC World Cup

میلبورن (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کو ”سپر ہٹ“ قرار دے دیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس ایونٹ میں فائنل سے قبل تک 2 ڈبل سنچریاں بنیں، 7 مرتبہ انفرادی سکور 150 سے ااگے گیا جبکہ مجموعی طور پر 38 سنچریاں سامنے آئیں۔

گزشتہ سات ہفتوں کے دوران آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بیٹسمینوں کی مار دھاڑ عروج پر نظر آئی جبکہ بائولرز بھی پیچھے نہیں رہے۔ 28 مرتبہ چار یا زائد وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا گیا۔ 2 ہیٹ ٹرکس ہوئیں۔

کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے پچز، آﺅٹ فیلڈ اور ٹریننگ سہولیات کو سراہا گیا۔ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان 22 فروری کو میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ پر منعقدہ میچ کے کراﺅڈ کی تعداد 86 ہزار رہی۔ اس مرتبہ میگا ایونٹ زیادہ ممالک میں ناظرین نے دیکھا۔ مجموعی طور پر نشریات کیلئے 44 لائسنس دیے گئے۔ 220 ممالک میں 7 زبانوں میں ایونٹ دکھایا گیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں ناظرین کی تعداد کے ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ صرف بھارت میں اس مقابلے کو 28 کروڑ 80 لاکھ افراد نے دیکھا۔ آسٹریلیا میں 2 کروڑ دس لاکھ لوگوں نے ٹی وی پر کینگروز کے ہاتھوں انگلش ٹیم کی پٹائی کا نظارہ کیا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار ایونٹ کی بے پناہ کامیابی کا ثبوت ہیں۔ یہ ورلڈ کپ دیکھنے اور کراﺅڈ کے لحاظ سے کرکٹ تاریخ کا کامیاب ترین ایونٹ ثابت ہوا۔