اسلام آباد (جیوڈیسک) پاناما پیپرز میں آف شور اکاؤنٹس کا بھانڈا پھوڑنے والے انٹرنیشنل کنسورٹیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹ ( آئی سی آئی جے) نے وزیراعظم نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں غلطی سے دینے پر معذرت کرلی۔
آئی سی آئی جے نے وزیراعظم نواز شریف کا نام غلطی سے پاناما پیپرز میں شائع کئے جانے پر معذرت کرتے ہوئے اپنی تمام خبروں اور ویب سائٹ سے وزیراعظم نوازشریف کا نام نکال دیا اور اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم کا نام پاناما پیپرز میں آنا ٹائپنگ غلطی تھی جس پر معذرت گواہ ہیں، پاناما پیپرز میں آف شور اکاؤنٹس سے متعلق نواز شریف کا نہیں بلکہ حسن اور حسین نواز کا نام شامل ہے تاہم ٹائپنگ غلطی سے آف شور اکاؤنٹس کی فہرست میں وزیراعظم نواز شریف کا نام لکھا گیا تھا۔
آئی سی آئی جے نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے شکایتی خط کا جائزہ لینے کے بعد اپنی ویب سائٹ اور خبروں سے وزیراعظم نواز شریف کا نام ہٹایا۔ دانیال عزیز نے خط میں آئی سی آئی جے کی رپورٹ میں کی گئی غلطیوں اور وزیراعظم نواز شریف کا نام شامل کئے جانے کی نشاندہی کی۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز کی خبر کے ایک پیرا گراف میں کہا گیا کہ بیرون ملک آف شور کمپنی کے مالک وزیراعظم نواز شریف ہیں اور دیگر پیرا گراف میں وزیراعظم کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کے علاوہ مریم نواز کا نام دیا گیا۔