شناختی کارڈ بنانے میں مشکلات اور طویل انتظار کے مارے درخواست گزار روڈ پر نکل آئے

Mohmand Agency

Mohmand Agency

مہمند ایجنسی: شناختی کارڈ بنانے میں مشکلات اور طویل انتظار کے مارے درخواست گزار روڈ پر نکل آئے۔ نادرا غلنئی کے خلاف مظاہرہ، روڈ بند کرنے کی کوشش۔نادرا میں دور دراز علاقے کے لوگوں کو پانچ پانچ روز تک انتظار کرایا جارہا ہے۔ سفارشی لوگوں کا کام ایک دن میں نکلوایا جاتا ہے۔ مظاہرین کا الزام۔ یقین دہانی پر منتشر۔ اے پی اے حسیب الرحمان خلیل کا فوری نوٹس نادرا پر اچانک چھاپہ۔ کام میں سست روی پر سخت سرزنش سائلین کے کام جلد نمٹانے کی ہدایت۔ عمائدین کا ضعیف لعمر افراد کے ساتھ ہتک آمیز رویہ ترک کرنے اور ایجنٹ مافیا سے نجات دلانے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں منگل کے روز نادرا سنٹر غلنئی میں کئی روز سے شناختی کارڈ بنانے کے لئے دور افتادہ علاقوں شیخ بابا، چمرکنڈ، سوران درہ، بید منئی کوڈاخیل اور دیگر علاقوں سے آئے لوگ طویل انتظار کے بعد بھی باری نے ملنے سے مایوس ہوکر غلنئی پشاور روڈ پر نکل آئے اور مین گیٹ اور پریس کلب کے سامنے اختجا ج شروع کردیا۔مظاہرے میں شریک گل سید، عبدالہادی، عبدالرزاق، عبداللہ، گل جان اور دیگر نے الزام لگایا کہ نادرا عملہ کی من پسندی کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو پانچ پانچ روز بعد بھی باری نہیں ملتی۔

غلنئی کے ہوٹلوں میں پڑے رہنے کی وجہ سے ہزاروں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ مگر سفارشی اور ایجنٹ مافیا کے لوگوں کاکام ایک دن میں نمٹایا جاتا ہے۔عملے کی سست روی کی وجہ سے رش بڑھ جاتا ہے اور پھر سفید ریشوں سمیت درخواست گزاروں پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے۔ مظاہرین نے نادرا غلنئی کی سست روی اور امتیازی طریقہ کا ر کے خلاف اختجاج کے دوران روڈ پر ٹریفک بند کرنے کی کوشش کی۔ اور لیویز و خاصہ دار اہلکاروں سے گھتم گھتا ہوئے۔مگر لیویز صوبیدار میجر کریم خان کی مداخلت اور یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوئے۔

عوامی شکایات اور اختجاج کرنے پر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر مہمند حسیب الرحمن خلیل نے نادرا آفس پر اچانک چھاپہ مارا تو کام رکا ہوا تھا۔ استفسار پر عملے نے جرنیٹر گرم ہونے کا جواز بتایا۔ جس پر اے پی اے نے سخت سرزنش کرتے ہوئے کام کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں موقعہ پر ہدایات جاری کی کہ نادرا عملہ بلا تعطل سروس کو یقینی بنائے اور درخواست گزاروں کے کام جلد از جلد نمٹائے جائے۔

دوسری قبائلی ملک زربادشاہ نے نادرا آفس غلنئی کی جانب سے علاقے کے معززین اور ضعیف العمر افراد پرتشدد اور لاٹھی چارج کی مذمت کی اور حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ نادرا غلنئی کا قبلہ درست کر کے عوام کو ایجنٹ مافیا سے نجات دلائی جائے۔ اس بارے میں نادرا غلنئی کا موقف جاننے کے لئے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی۔تو عملے کے موبائل سمیت دفتر کا لینڈ لائن فون مسلسل خاموش رہا۔