کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر سندھ کونسل و صدر پی ایس 123 کے صدر اعظم خان درانی نے پارٹی کی ڈویژنل و ضلعی قیادت سے مشاورت کے بعد نادرا شناختی کارڈ کورنگی سینٹر کے عملے کی جانب سے علاقے کی غریب عوام اور خصوصاً محب وطن بنگالی زبان بولنے والے پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل متعصبانہ رویوں کے خلاف پر امن احتجاجی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
اعظم خان درانی کے اعلان کے مطابق 14مئی بروز جمعرات صبح10بجے کورنگی نمبر5 پر بھر پور احتجاج ہوگا اور کورنگی نمبر5 کے مظاہرے کے شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے کورنگی نادرا سینٹر پہنچ کر دھرنا دیں گے۔ اس سلسلے میں یوسی5 کے50 سی ایریا کے پاسبان چوک پر13مئی سے14مئی تک جعفر گلگتی اور عبدالقدوس کی نگرانی میں ایک کیمپ بھی لگایا جائے گا۔ گذشتہ رات پی ایس 123 کے اجلاس میں پر امن احتجاجی پروگرام کی کامیابی اور سیکورٹی کیلئے2کمیٹیوں آرگنائزئنگ کمیٹی اور سیکوریٹی کمیٹی کا بھی اعلان کیا گیا۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج اختر مہدی رضوی، جبکہ اراکین میں ابرار کاشان، رضوان خان، محمدعیسیٰ، سمیع کاشف، لیاقت جعفری، اشرف خان، سلیم الدین، شیخ محمد عابد پر مشتمل ہوگی جبکہ سیکورٹی کمیٹی کے انچارج پیپلز یوتھ پی ایس123 کے صدر عمران اعجاز، جبکہ ممبران میں یوتھ کے جنرل سیکریٹری رشید بلوچ، سیکریٹری انفارمیشن ذیشان قریشی کے علاوہ افسر خان، امیر جمیل لودھی، محمد فاروق اور محمد اسماعیل بھی شامل ہوں گے۔اعظم خان درانی نے بتایا کہ مظاہرے کے بعد شرکاء سے پارٹی قائدین خطاب کریں گے۔