کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قومی شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزارت داخلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج کراچی میں نادرا کے مرکزی دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بحیثیت پاکستانی قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانا ان کا حق ہے لیکن ایک ماہ سے زیادہ ہوگیا کبھی فنگر پرنٹس کابہانہ بنایا جاتا ہے تو کبھی تصویر کا۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار کی طرف سے طرح طرح کے جھوٹ بولے جارہے ہیں جوانتہائی افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر تصویر خراب تھی تو پہلے کیوں آگاہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ چودھری نثار نے الطاف حسین کے شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے کواپنی انا کا مسئلہ بنا لیا ہے اوروہ اس کی راہ میں طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کانوٹس لیا جائے اورانھیں فی الفورشناختی کارڈ کا اجرا کیا جائے۔ وزیر صنعت و تجارت سندھ روٴف صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم نواز شریف وزیرِ داخلہ چودھری نثار کو سبکدوش کریں اور بارہ گھنٹے کے اندر ان کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کریں۔ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کے خلاف ایم کیو ایم نے آج کراچی میں شاہراہ فیصل پر نادرا آفس کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔