ادلب (جیوڈیسک) شام کے شہر ادلب میں اپوزیشن کے ایک گروپ نے اسد رجیم کا سوخوی طرز کا ایک جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
العربیہ ڈا ٹ نیٹ کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والی آبزرویٹری کے مطابق مسلح اپوزیشن نے ادلب میں ایک کارروائی کے دوران اسد رجیم کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا۔
اپوزیشن کے حامی ‘اورینٹ’ چینل نے خبر دی ہے کہ اسد رجیم کا جنگی طیارہ خان شیخون کے مقام پر مار گرایا گیا تاہم اس کے عملے کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
ادھر منگل کے روز شمال مغربی شام میں جھڑپوں کے دوران کم سے کم 60 افراد ہلاک ہوئے۔ انسانی حقوق آبزرویتری کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی شام میں شام کی سرکاری فوج اور اپوزیشن کے گروپوں کےدرمیان گھمسان کی جنگ لڑائی جاری ہے۔
خیال رہے کہ ادلب اور اس کے مضافاتی علاقوں میں رواں سال اپریل سے شامی فوج، اس کی معاون روسی فوج اور دیگر ملیشیائوں نے اپوزیشن کے ٹھکانوں پر وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔
منگل کوعلی الصباح جنوبی ادلب میں ہونے والی لڑائی کے دوران تحریر شام محاذ کے 20 اور اسد رجیم کے 23 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔