آئی ڈی پیز کی شکایات پر ڈی جی ایف ڈی ایم اے برطرف

IDPs

IDPs

پشاور (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے باعث نکل مکانی کر کے آنے والے آئی ڈی پیز کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل فاٹا ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی ایم اے) ارشد خان کو برطرف کر دیا گیا ہے۔

آئی ڈی پیز کی جانب سے امداد کی ترسیل کے حوالے سے ڈی جی ایف ڈی ایم اے اور دیگر اہلکاروں کے خلاف بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی تھیں اور آج جب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آئی ڈی پیز کے کیمپوں کا دورہ کیا تو اس موقع پر بھی کوئی خاطر خواہ انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے جس کے بعد گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب عباسی نے ڈی جی ایف ڈی ایم اے ارشد خان کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں امدادی صورت حال کے باعث جلد ہی نئے ڈی جی ایف ڈی ایم اے کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے گزشتہ ماہ شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کر کے آنے والے رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی تعداد ساڑھے 9 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔