لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کی جائیگی اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ پنجاب حکومت نے آئی ڈی پیز کو نقد رقوم کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے فنڈ ریزنگ کی بھرپور مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی مدد ہمارا قومی، مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ حکومت پنجاب اور عوام مصیبت زدہ پختون بہن بھائیوں کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وہ آئی ڈی پیز کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں بے گھر ہونے والے شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کو مالی امداد کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ایک عبادت سے کم نہیں اسلئے سب کو اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ پنجاب حکومت کروڑوں روپے مالیت کی امدادی اشیاء پر مشتمل 70 ٹرک پہلے ہی بے گھر ہونیوالے افراد کی مدد کیلئے بھجوا چکی ہے۔ مصیبت زدہ پختون بہن بھائیوں کی مدد کیلئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس میں پنجاب حکومت 50 کروڑ روپے اور کابینہ کے ارکان اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے قائم کئے گئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں، یقین دلاتا ہوں کہ عطیات کی ایک ایک پائی امین بن کر دیانتداری سے حقداروں تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے فنڈ ریزنگ کی بھرپور مہم چلانے کے فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کیلئے سمندر پار پاکستانیوں، صنعتکاروں، تاجروں، مخیر حضرات اور ایوان ہائے صنعت و تجارت سے رابطے کئے جائیں۔
وزیراعلی نے سمندر پار پاکستانیوں سے رابطے کیلئے ایم پی اے منشاء اللہ بٹ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی مدد کیلئے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے رابطے کرے اور زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے محنت کرے۔ اس موقع پر حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے 36 اضلاع میں آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے فنڈ جمع کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں کی جا رہی ہیں۔
پہلے مرحلے میں 36 اضلاع سے ایک ارب روپے کے فنڈ اکٹھے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مختلف ایوانہائے صنعت و تجارت کے صدور نے اس موقع پر یقین دلایا کہ کسی بھی قدرتی آفت کے موقع پر ایوانہائے صنعت و تجارت نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کی ہے۔ شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کیلئے بھی ہرممکن تعاون کریں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ڈی پیز میں نقد رقوم کی تقسیم کے حوالے سے بینک آف پنجاب، زونگ اور پی ڈی ایم اے کے مابین معاملات طے پا چکے ہیں۔
علاوہ ازیں شہبازشریف سے برطانوی ہائی کمیشن کی قائم مقام ڈپٹی ہیڈ آف مشن سوسن ہائی لینڈکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین بہترین دوستانہ اور تجارتی مراسم قائم ہیں۔ برطانیہ پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔
تعلیم،صحت او رسماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ برطانیہ کے ادارے کے تعاون سے سکول اصلاحات کے پروگرام کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خورد و نوش فراہم کی جارہی ہیں۔
رمضان پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ منتخب نمائندے اور انتظامیہ کے افسران تسلسل کے ساتھ قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں۔ وہ گزشتہ روز حیدری چوک راولپنڈی رمضان بازار کے اچانک دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ رمضان بازاروں اورکھلی مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی مکمل مانٹیرنگ کی جائے۔
رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی دستیابی اور فراہمی ارزاں نرخوں پر تسلسل سے یقینی بنائی جائے۔ عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی کے لئے رمضان بازاروں کی میں ذاتی طورپر مانٹیرنگ کررہا ہوں۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔ حکومت کے بروقت اورموثر اقدامات سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
شہبازشریف نے رمضان بازار کے دورے کے موقع پر سبزیوں، پھلوں، گوشت، پولٹری پروڈکٹس ، چینی اور آٹے سمیت اشیائے خورد ونوش کے تمام سٹالوں کا یکے بعد دیگرے معائنہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں اور خریداروں سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
لوگوں نے انہیں اپنے درمیان پاکر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور بعض خواتین خریداروں نے وزیراعلیٰ کو اپنے ذاتی مسائل بھی پیش کئے جن کے حل کیلئے وزیراعلیٰ نے موقع پر احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے جن خریداروں اور شہریوں سے رمضان بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے بارے میں استفسار کیا سب شہریوں نے مہنگائی کنٹرول کرنے حوالے سے وزیراعلیٰ کے اقدامات کی تعریف کی۔