لاہور (جیوڈیسک) آئی ڈی پیز کیلیے پہلے امدادی میچ میں پاکستان ’’ اے‘‘ نے حمزہ شہباز الیون کو 60 رنزسے ہرا دیا۔ شرجیل خان نے طوفانی سنچری جڑی، بلاول بھٹی اور انور علی نے 2 ،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلیے چار میچز کی کرکٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں ہوا، پاکستان ’’اے‘‘ نے حمزہ شہباز الیون کیخلاف مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بنائے، شرجیل خان نے 15 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی، سمیع اسلم نے 58 اور فیصل اقبال نے 19 رنز اسکور کیے۔
جواب میں حمزہ شہباز الیون کی ٹیم 16.5 اوورز میں 145 رنز پر رخصت ہو گئی، عمراکمل کی بیٹنگ کا جادو نہ چل سکا اور وہ صرف 17 رنز پر پویلین لوٹ گئے، کامران اکمل کا ستارہ گردش سے نہیں نکل پایا، وہ صرف 11 رنز پر ہی وکٹ گنوا بیٹھے، سب سے کامیاب بیٹسمین عاطف اشرف نے 36 رنز اسکور کیے۔
حماد اعظم 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے، انور علی اور بلاول بھٹی نے 2،2 جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے دوران اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا رہا، شائقین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی بلند کرتے رہے، دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا، راولپنڈی کے شہریوں نے میچ میں بھرپور شرکت کرکے متاثرین شمالی وزیرستان سے اظہار یکجہتی کیا۔