اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیز کی امدادکے لیے مزید 1.59 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ گزشتہ روز وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا۔
کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز کی بحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس کے لیے جوبھی وسائل درکار ہوئے استعمال میں لائے جائیں اور کسی بھی آئی ڈی پی کو بے گھر نہیں رہنے دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب سے بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کی مدد کر رہے ہیں اور یہ ان کی بڑی قربانی ہے، انھوں نے مزید کہا۔
کہ ن لیگ کی حکومت 4 اقساط میں فاٹا ڈیز اسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو مجموعی طور پر 2.8 ارب روپے جاری کر چکی ہے،انھوں نے کہا کہ 60 ہزار متاثرہ خاندان اپنی ضرویات پوری کرنے کے لیے 12 ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے امداد وصول کر رہے ہیں، حکومت متاثرین کو خوراک کی فراہمی کے لیے عالمی اداروں کے ذریعے گندم کی فراہمی کے حوالے سے بھی کام کر رہی ہے۔