آئی ڈی پیز معاملہ : زرداری کی نواز حکومت پر سخت تنقید

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر افراد کے حوالے سے حکومت پر سنگدلانہ رویے کا الزام لگایا ہے۔

پیر کو ایک جاری بیان میں انہوں نے حکومت پر جنگی بنیادوں پر امدادی کوششیں کرنے پر زور دیا۔ آئی ڈی پیز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے قومی ہیرو ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کو نظر انداز کیا جانا ایک مجرمانہ اور سنگدلانہ رویہ ہے، جسے کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا’۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب کچھ گھنٹے قبل ہی دو سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف نے پی پی پی کی جانب سے آئی ڈی پیز کے لیے امدادی سامان پر مبنی متعدد ٹرک بنوں بھیجے۔

زرداری نے 2010 میں ہولناک سیلابوں اور اِن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے بے گھر ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت پی پی پی حکومت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو پاکستان مدعو کیا تھا۔

زرداری کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے متاثرین کی امداد کے لیے عالمی اپیل بھی کی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک عالمی لڑائی تھی اور اگر عالمی برادری نے پہلے پاکستان کی معاونت کی تو اب بھی کوئی وجہ نہیں کہ ان سے آئی ڈی پیز کی بحالی کے لیے نہ کہا جائے۔

انہوں نے حکومت پر اپنی انا ایک طرف رکھنے، سول سوسائٹی اور این جی اوز کو مدعو کرنے اور پوری قوم کو آئی ڈی پیز کی بحالی اور امداد کے لیے متحرک کرنے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے 2009 ، سوات میں عسکریت پسندوں پر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں آئی ڈی پیز کے بحران اور پی پی پی کا اس سے نمٹنے کا حوالہ بھی دیا۔

ہم کچھ ہی مہینوں میں آئی ڈی پیز کو ان کے گھر واپس بھیجنے کے قابل ہو گئے تھے۔ انہوں نے حکومت کو آئی ڈی پیز کے کمزور گروہوں مثلاً خواتین اور بچوں ، اور بیماریوں کے پھیلاؤ کے حوالے سےخصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔

گیلانی کا دعوی آئی ڈی پیز کو امدادی سامان بھیجنے کی ایک تقریب سے خطاب میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے دعوی کیا کہ پی پی پی حکومت نے صرف نوے دنوں میں پچیس لاکھ آئی ڈی پیز کو ان کے گھر بھیج دیا تھا۔ پرویز اشرف نے خبردار کیا کہ اگر حکومت شمالی وزیرستان کے بے گھروں کی نگہداشت میں ناکام رہی تو مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی۔