لیبر یونیٹی آف آئیسکویونین کے احتجاجی مظاہر ے سے مزدور رہنمائوں کا خطاب

اسلام آباد: آئی ایم ایف (IMF) کی ڈکٹیشن پرقومی اداروں کی نجکاری ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے۔ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آئیسکو کی نجکاری روکیں گے۔جمہوری حکومت کے مزدور اور ملک دشمن منصوبوں پر چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف نوٹس لیں۔

ان خیالات کا اظہار لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے نجکاری اور ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ملازمین کو بے روزگار کرنے کے حکومتی منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں شریک مقررین نے کیا۔ لیبر یونیٹی کے صدر محمد عاشق خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کرآئیسکو کی نجکاری روکیں گے کیونکہ آئیسکو ملازمین نے نجکاری کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کر دیا ہے۔ حکومت نے ملکی اداروں کو اونے پونے دام فروخت کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو لیبر یونیٹی ملازمین اور پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر نہ صرف حکومتی ایوانوں کا ہلا کر رکھ دے گی بلکہ سارے ملک کی بجلی بند کر دی جائیگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی پیدا کرنا، لوڈ شیڈنگ ختم کرنا حکومتوں کا کام ہے۔

جمہوری حکومتوں نے اربوں روپے کالا باغ ڈیم کی نذر کر دیے مگر یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچا۔ حکومت منافع بخش ادارے آئیسکو اور دیگر قومی اداروں کو اپنے من پسند لوگوں کو اونے پونے دام فروخت کرنے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہے ۔ چیئرمین لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین لالہ رحیم نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت ملکی اثاثہ کو فروخت کرنے کی بجائے ان اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرے تا کہ یہ ادارے اپنی کاررکردگی کو بہتر کر سکیں۔

حکمرانوں کی نا اہلی اور انتظامی کنٹرول کی کمزوری کی سزا ہم محنت کشوں کو دے جا رہی ہے۔ آئیسکو اور دیگر اداروں کی نجکاری سے لاکھوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو جائیں گے ۔نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لاکھوں مزدوروں کو بے روزگار کرنے کے درپے ہے انہوں نے کہا عوام نے جو امیدیں جمہوری حکومت سے لگائی تھی وہ دم توڑتی جا رہی ہیں ، ملک کو IMFکے پاس گروی رکھا جا رہا ہے۔ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ دارانہ نظام پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ سول ایوی ایشنCAAکی نجکاری کر کے حکومت پاکستانی فضائوں کو دوسرے کے سپرد کر رہی ہے۔جنرلسیکرٹری لیبر یونیٹی سید تنویر حسین کاظمی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈیلی وویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کا نکالنے جانے کا فیصلہ مزدورں کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت ان ملازمین کو فی الفور ریگولر کرے۔احتجاجی مظاہرے میں پیغام یونین کے سردار پرویز اختر اور سکندر خان نے کہا کہ حکمران ہمارا معاشی قتل کر رہی ہے ہم نے مل کر نجکاری کے خلاف جہاد کرنا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں رہنمائوں کے علاوہ کثیر تعداد میں مزدوروں نے شرکت کی اور حکومت کی نجکاری پالیسی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرے میں شریک شرکاء نے سیٹیاں بجا کر اور شدید نعرہ بازی کر کے حکومت کو نجکاری کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا۔ احتجاجی مظاہرے میں لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین، پیغام یونین کے علاوہ کثیر تعداد میںآئیسکو ملازمین نے شرکت کی۔

(آصف نوید) 0322-5154664