راولپنڈی : آئیسکو حکام اور میٹرو بس پراجیکٹ کے ٹھیکداروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے مری روڈ سے ملحقہ علاقوں کی شامت آ گئی 6,6 گھنٹے بجلی کی بندش سے عوام سخت پریشان ہیں۔تفصیلات کے مطابق مری روڈ پر بجلی کی انڈر گرائونڈ تنصیب کے بعد کھودے گئے ”ڈکس،، پر ابھی تک ڈھکن نہیں رکھے گئے ہیں گزشتہ روز ہونیوالی موسلا دھار بارش کا پانی ان گڑھوں میں چلا گیا جس کی وجہ سے آریہ محلہ نمبر 2 مری روڈ سمیت دیگر علاقوں کی بجلی تقریبا 6 گھنٹے تک بند رہی،اس کے باوجود معمول کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری رہتی ہے،اسی طرح ناز سینما کے قریب کھمبوں پر ”سپین،، اور کنٹیکٹر ،،اترے ہوئے ہیں جبکہ میٹرو بس برج کے قریب مین لائن چالو نہ ہونے کی وجہ سے بھی فیڈر بند پڑا ہے۔
اصغر مال روڈ کو ٹرانسفر سپلائی دی گئی ہے،اسی طرح ظفرالحق روڈ اور کمیٹی چوک فیڈرز پر سارا لوڈ پڑا ہوا ہے،ان دو فیڈرز پر گوالمنڈی فیڈرز کو بھی چلایا جارہا ہے ،میٹرو بس پراجیکٹ کے ٹھیکیداروں کا عملہ بغیر تحقیق کے شاول چلاتا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی تاریں ڈیمیج ہوجاتی ہیں ،جب اس سلسلے میں آئیسکو کے ایک اعلیٰ افسر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ آئیسکو کی طرف سے متعدد بارمیٹرو بس پراجیکٹ ٹھیکیداروں کو تنبیہ کی گئی ہے اور ایف آئی آرکا بھی اندراج کرایا گیا ہے تاہم غیر تربیت یافتہ عملہ سننے کا نام نہیں لیتا،راولپنڈی کے شہریوں نے وفاقی وزراء خواجہ آصف ،چوہدری عابد شیر علی،آئیسکو چیف ملک یوسف اعوان اور ایس ای راجہ اصغر سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔