اگر تعلیمی اداروں میں اسلامی فکر پروان چڑھتی تو آج تعلیمی مراکز دہشت گردوں کی آماجگاہ نہ بنتے

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کہا ہے کہ اگر تعلیمی اداروں میں اسلامی فکر پروان چڑھتی تو آج تعلیمی مراکز دہشت گردوں کی آماجگاہ نہ بنتے۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دہشت گردوں کی موجودگی وگرفتاری انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ والدین کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن جب وہ بھی سیاست میں اُتر آئیں تو پھر تعلیمی اداروں کا کیا ہوگا یہ آج سب کے سامنے ہے۔

تعلیمی ادارے انسان کی تربیت گاہ ہوتے ہیں لیکن ان اداروں میں دہشت گردوں کی موجودگی خود اداروں کی بدنامی کاسبب ہے۔ اطہرعمران کا مزید کہناتھا کہ بد قسمتی سے پورا پاکستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جس سے اب تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں ہیں۔

اگر حکومت نے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کیے تو قوم کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں تک دہشت گردوں کی رسائی ایک خطرے کی گھنٹی ہے جو کسی بھی ناگہانی صورت میں سامنے آسکتی ہے۔ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو تربیت بنانے کی کوشش کرے نہ کہ دہشت گردوں کی آماجگاہ۔