نیویارک (جیوڈیسک) بالی ووڈ ستاروں کا جھرمٹ نیویارک میں اتر آیا۔ آئیفا ایوارڈ ز کا 18 واں میلہ شاہد کپور اور عالیہ بھٹ نے لوٹ لیا جبکہ نیرجا کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ شاہد اور عالیہ کو فلم اڑتا پنجاب میں بہترین اداکاری پر ان ایوارڈز سے نوازا گیا۔
اداکار انوپم کھیر کو فلم ایم ایس دھونی دی انٹولڈ سٹوری کے لئے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ شبانہ اعظمی بہترین معاون اداکارہ قرار پائیں۔
بہترین پلے بیک گلوکار کا ایوارڈ پریتم اور گلوکارہ کا ایوارڈ تلسی کمار کے نام رہا۔ امیتابھ بھٹا چاریہ کو اے دل ہے مشکل کے گانے چنا میریا کے لئے بہترین نغمہ نگار کا ایوارڈ دیا گیا۔ آسکر ایوراڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کو انڈسٹری میں 25 سالہ خدمات پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب سے پہلے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سونو سود نے کہا کہ وہ بہت دیر سے پاکستان آنے کی کوشش کر رہے ہیں، موقع ملتے ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر دبنگ ہیرو سلمان خان نے بھی اپنے پاکستانی پرستاروں کو خصوصی پیغام دیا۔