کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ کی عدم دلچسپی کے باعث ڈائریکٹر پریس کی جانب سے سینٹرل پولیس آفس میں قائم کیے جانے والے میڈیا سیل کا تاحال باضابطہ افتتاح نہیں ہوسکا، افتتاحی تقریب کے حوالے لگائی جانے والی تختی کی متعدد بار تاریخ تبدیل کی جا چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے ڈائریکٹر پریس ڈاکٹر معیز الدین پیرزادہ کی انتھک محنت اور کوششوں سے سینٹرل پولیس آفس میں صحافیوں کے لیے میڈیا سیل قائم کی گیا ہے۔
تاہم آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی عدم دلچسپی کے باعث میڈیا سیل کا تاحال باضابطہ طور پر افتتاح نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے ڈائریکٹر پریس ڈاکٹر معیز الدین پیرزادہ اور ان کے ماتحت عملے میں شدید مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً دو ماہ قبل سینٹرل پولیس آفس کی عمارت میں بھاری مالیت سے میڈیا سیل قائم کیا گیا ہے جس میں ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے لیے ایک ہال بنایا گیا جہاں پر 30 سے زائد افراد کے لیے نشستیں لگائی گئی ہیں جبکہ ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبروں کی مانیٹرنگ کے لیے ایک ڈیسک قائم کی گئی ہے اور 6 ایل ای ڈی اسکرین لگائی گئی ہیں۔
صحافیوں کیلیے پر خبر بنانے اور میل کرنے کی سہولت کے لیے کمپیوٹرز ، فیکس مشین اور نیٹ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا کہ ڈائریکٹر پریس ڈاکٹر معیز الدین پیرزادہ کی جانب سے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو متعدد بار درخواست کی گئی تاہم ان کی جانب سے بدستور عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ میڈیا سیل ان کی مرضی کے خلاف بنا ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افتتاح میں تاخیر کی وجہ سے اب تک میڈیا سیل کی نقاب کشائی کی تختی پر بھی متعدد بار تاریخ تبدیل کی جا چکی ہے، سینٹرل پولیس آفس میں قائم کیے جانے والے میڈیا سیل میں ڈائریکٹر پریس کا علیحدہ سے ایک کمرہ ہے جہاں انھیں وائر لیس سیٹ بھی مہیا کیا گیا ہے تاکہ پولیس کنٹرول پر چلنے والے پیغامات کو بھی سن سکیں، واقعے سے اعلیٰ افسران کو آگاہ کر سکیں۔