آئی جی کی اسلام آباد پولیس اہلکاروں کو انعامی رقم کی واپسی کیلئے آج کی ڈیڈ لائن

Security Duty

Security Duty

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی ولی عہد کے دورہ اسلام آباد پر بہترین سیکورٹی ڈیوٹی انجام دینے پر پولیس اہلکاروں کو ملنے والی انعامی رقم کی واپسی کیلیے آج کی ڈیڈ لائن، اعلیٰ افسران کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد اہلکار تشویش میں مبتلا ہو گئے۔

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر ڈیوٹی دینے والے سپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے ایک سو سستر اہلکاروں کو اچھی کارکردگی پر پانچ سو ڈالر فی کس کے حساب سے انعامی رقم دی گئی تھی ۔ اعلیٰ حکام کی جانب سے اہلکاروں کو ملنے والی چھیاسی لاکھ روپے کی انعامی رقم پولیس ویلفیئر فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

پولیس اہلکاروں کا موقف ہے کہ رقم خرچ ہو چکی ہے، اب واپسی ممکن نہیں۔ دوسری جانب اہلکار آئی جی کی جانب سے نوکری سے برطرفی اور شوکاز نوٹس جاری کیے جانے کی دھمکیوں کے بعد شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی سیکورٹی برانچ چودھری اشفاق نے ایک اہلکاروں کے نام پر انعامی رقم حاصل کرنے کیلئے سعودی حکام سے رابطہ کیا لیکن سعودی حکام نے رقم دینے سے معذرت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ فہرست میں شامل تمام افراد کے خود رابطے کی صورت میں رقم کی ادائیگی کی جائیگی۔