لاہور (جیوڈیسک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ گرین شرٹس کو گروپ اے میں مشکل حریفوں کا چیلنج درپیش ہو گا۔
چیمپیئنز ٹرافی کا پینتیسواں ایڈیشن چھ سے چودہ دسمبر تک بھارت کے شہر بھونیشور میں کھیلا جائیگا۔ ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کو پول اے میں ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا، انگلینڈ، اور یورپئین چیمپیئن شپ کی سلور میڈلسٹ بیلجئیم کا چیلنج درپیش ہو گا۔ پول بی میزبان بھارت، اولمپک گولڈ میڈلسٹ جرمنی، نیدرلینڈزاورارجنٹائن پر مشتمل ہے۔
چیمپئینز ٹرافی کا گزشتہ ایونٹ دوسال قبل میلبرن میں منعقد ہوا تھا جس میں گرین شرٹس نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ چیمپیئنز ٹرافی ورلڈ کپ کے بعد ہاکی کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔