تھری اور فور جی نیلامی کے بعد مزید 4 ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع

Dollar

Dollar

کراچی (جیوڈیسک) نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی کے لائسنس کی نیلامی میں ٹیلی کام انڈسٹری کی ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی مالیت 8.5 ارب ڈالرسے تجاوز کر جائیگی۔

ٹیلی کام انڈسٹری نے سال 2004 سے 2013 تک پاکستان میں مجموعی طور پر 7.49862 ارب ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی ہے، نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی میں حالیہ ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری گزشتہ 10 سال کے دوران کسی ایک سال میں چوتھی بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔

ٹیلی کام ماہرین کے مطابق لائسنس کے بعد کمپنیاں انفرااسٹرکچر، ایکویپمنٹ اور تھری جی فورجی پر مبنی خدمات کی فراہمی میں مزید 4 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرینگی تاہم یہ سرمایہ کاری ایک سے زائد سال میں ہوگی۔

ماہرین کے مطابق تھری اورفور جی لائسنس کی نیلامی کے بعد خدمات کو عام کرنے بالخصوص سروس کوالٹی کو یقینی بنانے کیلیے سب سے زیادہ سرمای کاری کی جائیگی، یہی وجہ ہے کہ نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی جانب سے نیلامی کے آخری چار رائونڈز میں بولی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، کمپنیاں زیادہ سے زیادہ وسائل انفرااسٹرکچر ایکویپمنٹ اور سروس کے پھیلائو پر خرچ کرنا چاہتی ہیں جس سے حقیقی معنوں میں ملکی معیشت اور عوام کو فائدہ پہنچے گا۔