اسلام آباد : چئیرمین آل پاکستان جرنلسٹس کونسل شبیر حُسین طوری کی ہدایت پر صدرآل پاکستان جرنلسٹس کونسل (اسلام آباد یونٹ)اعجاز بٹ نے اے آر وائی نیوز کے اسلام آباد بیورو آفس کا دورہ کیا انتظامیہ کو مبارکباد دی اور مٹھائی پیش کی اس موقع پر اعجاز بٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے۔
اللہ تعالیٰ کا ہم پر کرم ہے کہ ہمیں یہ فریضہ سونپا گیا اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے فریضہ کو ایمانداری اور احسن طریقہ سے انجام دیں انہوںنے کہا کہ ہمیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ ہم جس قوم سے تعلق رکھتے ہیں اس قوم کے لوگوں نے جمہور اور آئین کی خاطر جیلیں بھی کاٹیں، کوڑے بھی کھائے اور جانوں کے نذرانے بھی دئیے لیکن اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن صحافیوں کی فلاح و بہبود اوران کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اور یہی ہمارا منشور ہے اس موقع پر جنرل سیکرٹری جولیس بھٹی ،صدر اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایش نصیب الٰہی ،سید تجمل حسین اور رضوان نسیم منہاس بھی صدر آل پاکستان جرنلسٹس کونسل (اسلام آباد یونٹ)اعجاز بٹ کے ہمراہ تھے۔