کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد آباد اور گرد نواح میں موجود پارکس ،کھیل کے میدانوں، قبرستانوں اور شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ مافیا نے پنجے جماکر تیزی کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ شروع کردیا ہے ،ناپسندیدہ عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف علاقہ مکین اور تاجر برادری سراپا احتجاج ہیں ۔آرگنائزیشن آل پاکستان اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری ضلع ملیر کے صدر شوکت ربانی نے عبدالرشید عباسی ،میاں محمد عاشق ،معراج خان سواتی اور عبدالحلیم بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ قائد آباد میں علاقائی آبادیوں کے رہائشیوں کے لئے قائم فیملی پارکس ،کھیل کے میدانوں اور قبرستانوں کے لئے مختص جگہوں پر لینڈ مافیا کی جانب سے جعلی کاغذات بنا کر مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت سے قبضہ کرکے دوکانیں اور رہائشی مکانات تعمیر کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پر زور احتجاج کیا ہے
عدالت عالیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے اور تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے حوالے سے واضح احکامات کے باوجود ضلعی انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ دھڑلے کے ساتھ تیزی سے جاری ہے آرگنائزیشن آل پاکستان اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری ضلع ملیر کے صدر شوکت ربانی نے کہاکہ سند ھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کے لئے آرگنائزیشن آل پاکستان اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری ضلع ملیرہائی کورٹ میں فریق بنے گی انہوں نے کمشنر کراچی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ قائد آباد اور گرد نواح میں سرکاری املاک پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضہ اور غیر قانونی تعمیرات کا نوٹس لیں اور سرکاری املاک کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے۔