غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کو کنکشن نہ دینے پر مبینہ مافیا حرکت میں آ گیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کو کنکشن نہ دینے پر مبینہ مافیا حرکت میں آگیا۔لائن سپرنٹنڈنٹ کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں۔ محمد صغیر چٹھہ نامی شخص جس نے بھروکی روڈ پر غیرقانونی ہائوسنگ سکیم بنارکھی ہے

گزشتہ روز گیپکو واپڈا آفس سب ڈویژن نمبر ١ میں آیا اور الہ آباد فیڈر کے انچارج محمد عارف کو کہا کہ اس کے کہنے پر 15کنال رقبہ پر محیط ہائوسنگ سکیم کو کنکشن دے جس پرلائن سپرنٹنڈنٹ نے اس بنیاد پر کنکشن دینے سے عذر ظاہر کیا کہ محکمہ ٹی ایم اے اور جی ڈی اے سے منظور نہ ہونے والی کنکشن نہیں دے سکتا

اس کیلئے پہلے موقعہ پر جا کر تصدیق کی جائے گی بات سن کر متذکرہ شخص طیش میں آگیا اور گالی گلوچ کرتے ہوئے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیں۔ محکمہ کی طرف سے میمو نمبر 540-42 کے تحت تھانہ صدر کو مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دے دی گئی۔

بعدازاں صغیر چٹھہ نے اپنی طاقت دکھانے کیلئے الٹا گیپکو عملہ کیخلاف احتجاج کیااور کہا کہ وہ واپڈا ملازمین سے نمٹ لے گا معلوم ہوا ہے کہ متذکرہ شخص کو شہر کے چند بلیک میلروں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ واپڈا ملازمین اور یونین کے عہدیداروں نے بلیک میلر کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔